لاہور(این این آئی) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے فخر زمان سے اوپننگ اور رضوان کو چوتھے نمبر پر بھیجنے کا مشورہ دیدیا۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر آپریشنز لاہور قلندرز و سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں کہا کہ مڈل آرڈر میں شان مسعود رنز کرکے پاگل ہوگیا ہے،
اسے کیوں نہیں کھلایا جارہا۔عاقب جاوید نے موقف اختیار کیا کہ رضوان اور بابر کی جوڑی جس طرح سے پرفارم کررہی ہے اس کا کوئی فائدہ نہیں، سلو کھیل کر آپ میچ ونر نہیں بن سکتے۔انہوں نے کہا کہ میری رائے میں فخر سے اوپن کرائیں، رضوان کو چار نمبر پر کھلائیں، مڈل آرڈر میں شان مسعود رنز کرکے پاگل ہوگیا ہے، اسے کیوں نہیں کھلایا جارہا۔عاقب جاوید نے کہا کہ شعیب ملک کو آزمانے میں کوئی حرج نہیں، خوشدل، افتخار، آصف علی کو کتنی بار بیک کرانا ہے، میرے خیال میں تو ان کو اس وقت کھلائیں جب پاکستان میں کوئی پلئیر نہ ملے، یہ سب پانچ چھ بالز کے پلئیر ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کی انجری کے بارے میں سوال پر ڈائریکٹر آپریشنز لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوئی کوالیفائیڈ میڈیکل کا بندہ نہیں ،جس کو کام آتا ہو، انجریز تو پھر ہوں گی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں غیر ملکی کوچز کو لانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جولین فونٹین تین سال تک مجھ سے نوکری مانگتا رہا، میں نے کہا کہ لکھ کر دو کیا کرو گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم سلیکشن میں مسائل تو ہیں جس کی ہر کوئی پسند و نا پسند کی بات کررہا ہے۔