اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین کو دینے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔جون کے مقابلے میں عالمی منڈی میں آر ایل این جی کی قیمت میں پندرہ سے بیس فیصد تک کمی ہوئی ہے جس کا فائدہ وزیراعظم نے ڈائریکٹ صارفین کو ٹرانسفر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
جس پر اوگرا نے جولائی کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی شائع خبر کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ری گیسی فائیڈ لیکوئیڈ نیچرل گیس کی کنزیومر پرائس پاکستان میں ایک مہینے کے دوران قابل ذکر کمی کر دی گئی ہے‘ کیونکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمتوں میں تیز رفتاری سے کمی دیکھی گئی ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کی ٹرانسمیشن پرائس میں 15اعشاریہ چودہ فیصد کمی کی ہے اور ڈسٹری بیوشن پرائس میں 15اعشاریہ 93فیصد کمی کر دی ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے آر ایل این جی کی کنزیومر ٹرانسمیشن پرائس میں 16اعشاریہ 05فیصد اور ڈسٹری بیوشن پرائس میں 20اعشاریہ 56فیصد کمی کی ہے۔اوگرا کے جولائی کیلئے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کے اعلان پر مشتمل نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم کیلئے آر ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 3اعشاریہ 3088ڈالر کمی کی گئی ہے۔
سوئی سدرن سسٹم پر آر ایل این جی کی قیمت میں 4اعشاریہ 6501ڈالر فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم پر آر ایل این جی کی نئی قیمت 17اعشاریہ 4693ڈالر فی یونٹ مقرر کر دی گئی ہے۔ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 17اعشاریہ 9075ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔سوئی ناردرن سسٹم پر جون میں ایل این جی کی قیمت 20اعشاریہ 7691ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر جون 2022ء میں ایل این جی کی قیمت 22اعشاریہ 6076ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔