اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری مل گئی ہے ، نئی قیمتوں کیلئے پندرہ جولائی کا انتظار نہیں کیا جائیگا ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو
کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عوام کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات سستا کرنے کی سمری مل گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نئی قیمتوں کیلئے 15 جولائی کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کو پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے پر اعتراض نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پوری قوم کی مبارک باد ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قوم مشکل فیصلوں میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑی رہی، پوری قوم نے مشکل فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں اور پاکستانی قوم بحرانوں کو سمجھتی ہے، اب مشکل وقت کے بعد قوم کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی بحالی کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور بلاول بھٹو کی قیادت میں وزارت خزانہ اور خارجہ کی کاوشوں کی تعریف کی ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی کے لئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور بلاول بھٹو کی قیادت میں وزارت خزانہ اور خارجہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہترین ٹیم ورک کی عمدہ مثال ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ الحمدللہ