کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان،آئی سی سی کے سابق صدر اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کو کورونا،نمونیا اور گردوں کی تکلیف کی وجہ سے لندن ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کردیا گیا ہے جہاں ان کی طبیعت پہلے سے کچھ بہتر ہے لیکن
ان کی حالت بدستور تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔روزنامہ جنگ میں عبدالماجد بھٹی کی شائع خبر کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو دن نمونیا اور گردوں کی تکلیف کی وجہ سےانہیں لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔انہیں آکسیجن کی مدد سے مصنوعی طریقے سے سانس دی جارہی ہے۔ماضی کے عظیم بیٹسمین ڈائی لیسز پر ہیں اورکمزوری محسوس کررہے ہیں، ملاقات پر پابندی ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ظہیر عباس نے منگل کو اشاروں کی مدد سے بیٹی سے سلام دعا کی ،ظہیر عباس کے اہل خانہ نے عظیم بیٹر کے پرستاروں سے دعاوں کی درخواست کی گئی ہے۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے سابق کپتان ظہیر عباس کے لیے دعا کی اور کہا ہے کہ زید بھائی آپ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وقار یونس نے کہا کہ آپ ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں۔وقار یونس نے اپنے پیغا م میں یہ بھی کہا کہ ساری دعائیں اور عبادات آپ کی صحت یابی کے لیے ہیں۔