مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد( آن لائن ) ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔مہنگائی کی مجموعی شرح 23.98 فیصدریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کیمطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 2.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح23.98 فیصدتک جا پہنچی ہے جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں، 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ برانڈڈ گھی فی کلو کی قیمت میں 28 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
آلو کی فی کلو قیمت میں 3روپے10پیسہ اور ٹماٹر کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔دالیں، نمک، بیف، مٹن، چینی، پیاز، دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا ء میں شامل ہیں ۔