اسلام آباد، سماہنی (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کے مختلف مقامات پر ایک مرتبہ پھر آگ لگ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دامن کوہ میں ہرقسم کی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا ہے۔اس کے علاوہ دامن کوہ کے
ملحقہ دیہات کے لیے بھی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی مارگلہ ہلز کے جنگل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، اس کےعلاوہ گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا کے کئی جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوچکےہیں۔دوسری جانب آزادکشمیر کے علاقے سماہنی کے جنگلات میں کئی روز سے لگی آگ نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں درجنوں دیوہیکل چیڑھ کے درخت زمین بوس ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق جنڈی چونترہ،کالچھ،خضر نگر، ٹورسٹ ریسٹ ہاؤس اور فیملی پارک سے ملحقہ جنگل کوآگ نے لپیٹ میں لے لیا، درجنوں دیوہیکل چیڑھ کے درخت زمین بوس ہوگئے ہیں۔دوسری جانب سیاحتی مقام جنڈی چونترہ میں درخت گرنے سے بجلی کا ٹرانسفارمر بھی زمین پر آگرا جس کے بعد بجلی کا نظام معطل ہوکر رہ گیا ہے۔بھمبر کی مرکزی شاہراہ پر درخت گرنے سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا جبکہ وادی سماہنی میں جاری آتشزدگی سے اب تک ہزاروں کی تعداد میں درخت زمین بوس ہوچکے ہیں۔