درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کی پیشگوئی کے مطابق، ملک کے بیشتر حصوں میں اگلے چار سے پانچ دن
اتوار 05 تا جمعرات 09 جون 2022 تک دن کے اوقات کار میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔ پی ایم ڈی کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا،
کشمیر، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں آئندہ ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔ مزید برآں، پی ایم ڈی نے پیشگوئی کی ہے کہ
درجہ حرارت میں اضافے کے باعث دوپہر یا شام میں طوفان و گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی ہیٹ ویو آبی ذخائر میں کمی، کھڑی فصلوں اور پودوں کو بھی متاثر کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متذکرہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ضروری احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایات جاری۔ مزید برآں عوام الناس سے گزارش ہے کہ بلا ضرورت سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں۔