کراچی (آئی این پی) معروف اداکارہ ‘ ماڈل و میزبان اداکارہ عفت عمر نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف اور عمران خان پر کڑی تنقید کرنے والی اداکارہ و میزبان عفت عمر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔
اداکارہ نے لوگوں کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کو دی گئی گالیوں کو شوبز چھوڑنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ تنقید کریں ، میری رائے سے اتفاق نہیں کرتے تو مجھ سے بحث کریں لیکن میاں صاحب اور بیٹی کو گالیاں نہ دیں۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہم سب ہی ملک کی اچھائی چاہتے ہیں ، بہترہے مجھے لگتا ہے فلاح بہتر ملک سنبھالیں گے آپ کو لگتا ہے فلاں، بیچ میں گالیاں کیوں دیتے ہیں، آپ مجھ پر تنقید کریں مجھ سے بحث کریں اور لوجک پر بات کریں میں شاید آپ کو اس کا جواب دے دوں گی۔اداکارہ نے مزید کہا کہ گالیاں دینے سے آپ اپنی تربیت ظاہر کر رہے ہیں اپنے ماں باپ اور اپنے لیڈر کا نام خراب کر رہے ہیں، گالیاں دینے سے آپ کو کیا مل جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ نے خود پی ٹی آئی کی سپورٹر ہونے کا انکشاف کیا تھا جبکہ عفت عمر کو عمران خان کے خلاف بیانات اور ن لیگ اور مریم نواز کی حمایت کرنے کی وجہ سے آئے دن سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔