لاہور (آن لائن) ملک میں سخت مہنگائی سے جہاں غریب طبقہ پِس کر رہ گیا ہے تو وہاں امیر طبقے کو اس مہنگائی سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ اس بات کا اندازہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے ریکارڈ سے لگایا جاسکتا ہے جس کے
مطابق رواں مالی سال 2021-22ء میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تعداد میں اضافہ ہوا اس کے ساتھ ساتھ ٹرکوں، ٹریکٹر اور بسوں کی رجسٹریشن کی تعداد میں بھی اضافہ رہا جبکہ غریب کی سواری موٹرسائیکل کی رجسٹریشن میں کمی دیکھنے میں آئی۔ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال میں محکمہ ایکسائز اور ٹیکسیشن پنجاب نے ایک لاکھ 16 ہزار گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب رجسٹرڈ ہونے والی موٹرسائیکلوں کی تعداد 10 لاکھ 40 ہزار رہی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کم ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے گاڑیوں، بسوں، ویگنوں اور موٹرسائیکلوں سمیت دیگر ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کی مد میں 9 ارب 66 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔ جو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بتائی گئی ہے۔