لاہور (آن لائن) رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی ڈالر کی اونچی اڑان بدستور جاری رہی جس کے نتیجے میں جمعرات کی صبح کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ڈالر کی انٹربینک قیمت میں ایک روپیہ 61 پیسے سے ہوا ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کے بعد ڈالر کی
انٹربینک قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید 2 روپے اضافے کے ساتھ 204 روپے ہوچکی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے قیام سے لے کر اب تک ڈالر کی انٹربینک قیمت میں 17 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کی شام کاروباری سرگرمیاں ڈالر کی انٹربینک قیمت 198 روپے 39 پیسے سے بند ہوئی تھی۔ ڈالر کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آنے کی وجہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لاہور کی کاروباری شخصیات نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں بلندی کی بنیادی وجہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں غیر یقینی کیفیت ہے ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی مفادات بلا کر سب سے پہلے پاکستان کے باے میں سوچنا چاہئے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ طور پر ایک میثاق جمہوریت اپنانا چاہئے۔