کراچی (این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان نے سیاسی صورت حال پر حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آئندہ کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر اپنے اہداف کا تعین کر لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اب اگر کسی حکومت کا حصہ بنی
تو آئینی عہدہ لے گی۔ذرائع نے کہا کہ آئینی عہدہ قومی اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر یا سینٹ کی چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین شپ ہو سکتی ہے، اس عہدے کو حاصل کرنے کا مقصد نام نہاد جاگیر دارانہ سسٹم کو ایک ہی رولنگ کے ذریعے ختم کرنا ہے۔ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کی قیادت کو یہ پیغام بھی دے دیا ہے کہ اگر ان کے گھروں پر احتجاج کے لیے کوئی آئے گا تو پھر ان کے کارکنان کو بھی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کردار کشی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابط کر لیا ہے۔ایم کیو ایم قیادت کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کیوں ناراض ہے، اگر انھیں کرنا ہے تو اپنے اراکین اسمبلی پر ناراضگی کا اظہار کرے، جو انھیں چھوڑ کر چلے گئے، ایم کیو ایم اتحادی جماعت تھی اور تحریک انصاف کے نشان پر کامیاب نہیں ہوئی تھی۔