کراچی (این این آئی)انگلش کرکٹر ایلیکس ہیلز نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ ایک انٹرویومیں ایلیکس ہیلز نے کہا کہ پاکستان
کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا میں انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی مدد کی، اس کے بعد منسوخی کی منطق نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین ملک ہے، انگلینڈ کو صرف مختصر دورے کیلئے پاکستان آنا تھا۔انگلش کرکٹر نے کہا کہ متعدد بار پاکستان آیا ہوں، ہر بار بہت انجوائے کیا، پاکستان کی خوبصورتی کا سنا ہے، کورونا کے باعث گھومنے کا موقع نہیں ملا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اعلیٰ معیار کا ٹورنامنٹ ہے، اس ایونٹ میں بطور بیٹر کھیلنا مشکل ہے کیونکہ بولنگ بہت ہی زبردست ہے۔ایلیکس ہیلز نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل کی زندگی آسان نہیں ہوتی، ذاتی اہداف کبھی نہیں رکھتا، میرے لیے ٹرافی جیتنا زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے، زیادہ رنز بنائوں، ٹیم میں واپسی کا یہی راستہ ہے، ہوم گرائونڈ میں ورلڈ کپ مس کرنے کا دکھ بھی ہے اور غصہ بھی ہے۔