لاہور( این این آئی)ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں0.55 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہو گئی،سب سے کم آ مدن والے افراد کیلئے مہنگائی 21.42 فیصد تک پہنچ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح21 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے ،اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے 17اشیا ء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران بجلی،دالیں،کیلے اورلکڑی مہنگی ہوگئی۔رواں ہفتے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 پیسے کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران دال مسور کی فی کلو قیمت میں 7روپے 98 پیسے اضافہ ہوا،دال مسور کی فی کلو قیمت 194 سے بڑھ کر 202روپے 20 پیسے کی ہو گئی۔گرم مصالحہ کی فی کلو قیمت میں 3روپے 17 پیسے ،لکڑی کی فی من قیمت میں 7روپے 12پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ رواں ہفتے 15اشیا ء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ایک ہفتے کے دوران آلو 8 روپے 74پیسے فی کلو سستے ہوئے، رواں ہفتے برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 12روپے 39 پیسے ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 10روپے 77 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ تازہ دودھ ،دہی ،کوکنگ آئل سمیت 19 اشیا ء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔