کراچی (این این آئی) سندھ حکومت کی جانب سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دینے کے بل کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے سندھ حکومت کی اسمبلی قرارداد اور بل کے
خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔سماجی رہنما محمود اختر نقوی نے درخواست سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دائر کی ہے، جس میں ممبر سندھ اسمبلی ندا کھوڑو، ذوالفقار شاہ، شہریار مہر، مکیش کمار چالہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی قرارداد اور بل کو فی الفور کالعدم قرار دیا جائے۔ سپریم کورٹ کے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے فیصلے کے برخلاف بل ترتیب دیا گیا۔درخواست گزار کے مطابق ایڈمنسٹریٹر و مشیر قانون مرتضی وہاب غیر قانونی تعمیرات قانونی کرانے کی سمری پر دستخط کرکے فیصلے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔سندھ حکومت نے دانستہ طور پر اپنے ماتحت اداروں کی ملی بھگت سے کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دینے کی کوشش کی۔ وزیراعلی سندھ نے آئین کے آرٹیکل 114 کی خلاف ورزی کی اور اعلی عدلیہ کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کی کوشش کی۔