اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن)بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سکاٹ لینڈسے جیتنے کے بعد کہا ہے مجھے بے حد خوشی ہے کہ ہمیں جادوئی طاقت واپس مل گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں
اسکاٹ لینڈ کیخلاف فتح کو بہترین کوشش کا نتیجہ قرار دیا۔میچ کے بعد ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے میچ کے دوران کے لمحات کو شیئر کیا۔ویرات نے بھارتی پرچم اور گیند بلّے کی ایموجی کے ساتھ ’اچھی کوشش‘ لکھا۔دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کے لیے روہیت شرما کو بہترین امیدوار قرار دے دیا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی ناقص کارکردگی کے بعد یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ ویرات کوہلی ورلڈ کپ کپتانی کا عہدہ چھوڑ دیں گے اور اب ٹیم کے نئے کپتان کے لیے امیدواروں کی فہرست دیکھی جارہی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب اس موضوع پر سابق کرکٹر وریندر سہواگ سے ان کے خیالات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے روہیت شرما کو کپتان کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا اور ممبئی انڈینز کے کپتان کے طور پر ان کی ناقابل یقین کارکردگی کو اس کی وجہ قرار دیا۔وریندر سہواگ نے کہا کہ میرے خیال میں کپتان کے لیے بہت سے امیدوار ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ روہیت بہترین امیدوار ہیں کیونکہ انہوں نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی ٹیم کے لیے ایک لیڈر کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روہیت شرما کی کپتانی میں ان کی ٹیم پانچ بار آئی پی ایل چیمپئن شپ جیت چکی ہے، اس لیے میرے مطابق، بھارتی ٹیم کا نیا T20 کپتان روہیت شرما ہونا چاہئے۔دریں اثنا، بی سی سی آئی نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن میڈیا رپورٹس بتاتی ہیں کہ روہیت نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والی ہوم سیریز میں مختصر فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔