لاہور (این این آئی) لاہورہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کی اپیل خارج کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل میں حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کی
اپیل پر سماعت ہوئی۔جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل اپیلیٹ ٹریبونل نے سماعت کی، جمشید اقبال چیمہ عدالت میں پیش ہوئے ۔( ن) لیگ کے وکیل نے دلال دئیے کہ 2018 میں بھی تجویز کنندہ کا ووٹ این اے 130 میں تھا ، ایک فیس پر پانچ کاغذات نامزدگی جمع ہو سکتے ہیں مگر ایک ہی کروائے گے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب پانچ تجویز کنندہ ہونے کے باوجود کاغذات درست نہ ہوں تو الیکشن پراسیس آگے کیسے بڑھے گا، جس پر جمشید چیمہ کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ذمہ داری پوری نہیں کی ، ووٹ تبدیل کرنے ہر ووٹر کو آگاہ کرنا چاہیے تھا جو نہیں کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن کی غلطی کی سزا ووٹر کو نہیں دی جاسکتی۔عدالت نے وکلا کے دلال مکمل ہونے پر جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کی اپیلیں خارج کر دیں۔بعد ازاں جمشید چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ فیصلے کو ہای کورٹ میں چیلنج کریں گے، امید ہے ہمیں الیکشن میں لڑنے کی اجازت ملے گی۔