اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، بات ہو سپورٹس کی یا پھر شوبز انڈسٹری کی، اس دھرتی نے کئی نامور شخصیات پیدا کی ہیں جنہوں نے آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں بھی ایسے نام سامنے آرہے ہیں جو پاکستان کیلئے
کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، ان ہی میں ایک شخص ہیں افتخار علی خان،جنہوں نے اپنی مدھر آوازسے پورے پاکستان کو آج کل اپنادیوانہ بنایا ہوا ہے،افتخار علی خان کا تعلق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں چک نامدار سے ہے، افتخار علی خان کہتے ہیں کہ ان کا تعلق غریب گھرانے سے ہے، دن میں وہ محنت مزدوری کرتے ہیں، لیکن اپنے شوق کے آگے وہ مجبور ہیں، انہیں گانے کا بچپن سے ہی شوق تھا، ایک حادثے میں ان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی جس کی وجہ سے انہیں ہر جگہ سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، معذوری کے باعث انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی، وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں،لیکن وہ قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے کے شدید خواہشمند ہیں اور ایک ایسے پلیٹ فارم کے منتظر ہیں جہاں ان کی مزید حوصلہ افزائی ہو سکے، افتخار علی خان کے متعدد گانے اس وقت وائرل ہیں،گانا سن کر آپ بھی اپنی رائے دیجئے اور ان کی آواز بنیں۔