لاہور/فیصل آباد/ملتان/ڈی جی خان(این این آئی) انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹوکے امتحانات میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان،بہاولپور اور ملتان میں انٹر طلبہ کامیابی کی شرح اٹھانوے فیصدسے بھی زیادہ رہی۔ملتان میں 48، فیصل آباد میں 24 اور بہاولپور میں 12 طلبہ ایسے ہیں جنہوں نے سو فیصد نمبرز حاصل کیے۔
لاہور میں انٹرمیڈیٹ میں کامیابی کا تناسب 98.71 فیصد رہا ہے۔امتحان میں ایک لاکھ 85 ہزار 725 امیدوار شریک ہوئے۔امتحان میں 2401 طلبا غیر حاضری کے باعث فیل قرار دیدیئے گئے۔ فیصل آباد بورڈ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ایک لاکھ 11 ہزار 547 امیدواروں نے شرکت کی، ایک لاکھ 9 ہزار 970 کامیاب ہوئے۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کامیابی کا تناسب98.59فیصد رہا۔ 24 طلبہ کا رزلٹ 100 فیصد رہا۔گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 150353 امیدواران نے حصہ لیا، کامیاب امیدواروں کی تعداد 148560 ہے،کامیابی کا تناسب98.81فیصد رہا۔ملتان بورڈ میں 48 طلبہ نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کیے۔ انٹر میڈیٹ کے امتحانات 82 ہزار 8 سو 70 طلباوطلبات نے امتحانات دئیے تھے اور کامیابی کا تناسب 98.64فیصد تک رہا۔بہاولپور بورڈ کے مطابق 62913 میں سے 62050 طلبہ پاس ہوگئے۔19000ہزار بچوں کو 33 فیصد نمبر دے کر پاس کیا گیا۔ پندرہ دن میں خصوصی پاس والے بچوں کے لئے نومبر میں خصوصی امتحان کا انعقاد ہوگا۔ 12 بچوں نے 1100میں سے 1100نمبر حاصل کئے،99 فیصد ریگولر بچے پاس ہوئے،95 فیصد پرائیوٹ طلبا وطالبات پاس ہوئے، مجموعی نتیجہ98.63 فیصد رہا۔ڈیرہ غازی خان بورڈ میں 62 ہزار 756 طلبہ نے اپلائی کیا جبکہ امتحانات میں 61 ہزار 812 نے حصہ لیا،امتحانات میں 61 ہزار 67 سٹوڈینٹس پاس ہوئے. کامیابی کا تناسب 98.79 فیصد رہا۔