لاہور(این این آئی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین راناتنویرحسین نے پنڈورا پیپرز پر تحقیقات کے معاملے میں ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کو طلب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر بھی اداروں کو طلب کیا گیا تھا،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے پاس طلبی اور وارنٹ کے اختیارات ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہاکہ پنڈورا پیپرز پر حکومت نے ماضی کی طرح کمیشن بنایا ہے، پہلے بھی ادویات،چینی اور گندم بحران پر کمیشن بنایا گیا لیکن کچھ نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ پنڈورا پیپرز کا معاملہ اٹھائیں گے تاہم پنڈورا پر متعلقہ اداروں کو ڈیٹا جمع کرنے میں وقت لگے گا اور ان کو بھی طلب کریں گے۔رانا تنویر نے مزید کہا کہ نیب آرڈیننس میں حکومت نے احتساب سے بچنے کے لئے اپنے آپ کو این آراو دیدیا ہے۔