اسلام آباد(این این آئی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کیلئے امریکا کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پر بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا کو پاکستانی فضائی حدود کی اجازت کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت میں امریکا کی جانب سے افغانستان میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر حملوں کیلئے
پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستانی فضائی حدود کے مفید ہونے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، امریکا اور پاکستان کے درمیان آنے والے دنوں میں اس تعاون کو جاری رکھنے پر بات چیت جاری ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ اس معاملے پر تمام فوائد و نقصانات پر غور و خوض کے بعد حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کریگی، کوئی بھی فیصلہ پاکستان کی قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔امریکی سینیٹ میں پاکستان پر پابندیاں لگانے کے بل سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہا کہ امریکی سینیٹرز کے مجوزہ مسودہ قانون پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، یہ ریپبلکن سینیٹرز کا تجویز کردہ بل ہے جو جوبائیڈن حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہیں، امریکی ایوان کو سمجھنا چاہیے کہ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں افغان امن کے لیے امریکا کا ساتھ دیا، پاکستان اپنے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گا۔