گوادر (این این آئی)بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں شر پسندوں نے دستی بم حملے سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ منہدم ہوگیا گوادر میں قائم لیویز کنٹرول روم کے مطابق بانی پاکستان کا مجسمہ گوادر کی میرین ڈرائیو پر نصب تھا جس پر اتوار کی
صبح نامعلوم شرپسندوں نے دستی بم سے حملہ کیا بم حملے کے نتیجے میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مجسمہ منہدم ہوگیا۔لیویز حکام کے مطابق دستی بم حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ۔مقامی صحافیوں کے مطابق قائداعظم کا مجسمہ رواں برس اس مقام پر نصب کیا گیا تھا۔دوسری جانب بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم کے مجسمے کی تباہی کونظریہ پاکستان پر حملہ قرار دیا۔ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ مجرموں کو اسی طرح سزا دیں جس طرح ہم نے زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی پر حملہ کرنے والوں کو دی تھی۔