لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کیلئے بائیس رکنی کمیٹی قائم کردی اور اس کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ کے وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کو سونپ دی۔ کمیٹی رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماعات کے انتظامات میں سہولتوں کی
فراہمی کیلئے اقدامات کرے گی۔ سالانہ رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ چار سے سات نومبر جبکہ دوسرامرحلہ گیارہ نومبرسے چودہ نومبر کو منعقد ہوگا۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد حکومتی کمیٹی کانوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ کمیٹی میں کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او لاہور، محکمہ مواصلات، ایل ڈی اے، واسا، ریسکیو 1122، لیسکو، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، لاہور سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ہوم ڈیپارٹمنٹ، محکمہ اوقاف، آبپاشی، سوئی گیس سمیت تبلیغی جماعت کے نمائندے بھی کمیٹی شامل کیے گئے ہیں۔ حکومتی کمیٹی تبلیغی اجتماع کی قیادت سے رابطے میں رہے گی، تمام انتظاما ت میں حکومت کی جانب سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سربراہ کمیٹی حافظ عمار یاسر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تبلیغی اجتماع کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کریں گے، تمام متعلقہ محکمے اس ضمن میں ٹھوس حکمت عملی کے تحت اجتماع کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔