اسلام آباد (آن لائن) انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے لیے وفاقی حکومت نے سفارتی تعلقات استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے انگلینڈ کی ٹیم کو دورہ پاکستان پر راضی کرنے کے لیے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔
انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے سفارتی تعلقات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے انگلینڈ کے ہم منصب سے رابطہ کیے جانے کا امکان ہے، انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ پی سی بی سیریز کے انعقاد کے لیے ہر حربہ استعمال کرے گا۔یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیم نے 2 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان آنا ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز 13 اور 14 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم نے 2005 میں پاکستان کا آخری بار دورہ کیا تھا۔ قبل ازیں گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کو یکطرفہ طور پر سکیورٹی وجہ بنا کر منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت سمیت عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ ہونے کے بعد اطلاعات مل رہی ہیں کہ انگلینڈ بھی دورہ پاکستان سے متعلق 48 گھنٹوں میں کوئی فیصلہ کرنے جا رہا ہے۔