اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آج شام اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو لینے کے لیے خصوصی طیارہ آج اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی طیارے کو
پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔ خصوصی طیارہ آج شام اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا جہاں سے نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرے گا۔یادرہےکہ جمعے کے روز پہلا ون ڈے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ،کھلاڑی اس صورت حال کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ مداحوں کا اور میرادکھ ایک ہے، جو ہوا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ہوا۔رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں،جب پاکستان دنیا کی بہترین ٹیم بن جائیگی تو ہمارے ساتھ ٹیمیں کھیلنے کے لیے لائنیں لگا دیں گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کی ہوم کرکٹ پر دباؤ بڑھا ہے تاہم پاکستان کرکٹ پہلے بھی ایسی صورت حال سے گزر چکی ہے۔ ہم میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانیکی صلاحیت ہے۔