اسلام آباد(این این آئی)برطانیہ نے پاکستان پر عائد سفری پابندی ختم کرتے ہوئے اسے ریڈلسٹ سے نکال دیا۔اس بات کا اعلان پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کوریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے
والوں کے لیے بہت مشکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ ان لوگوں کیلئے کس قدر مشکل تھے جو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اپنے قریبی روابط اور ذرائع پر انحصار کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ قریبی روابط برقرار رکھنے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وفاقی وزیر اسد عمر اور پاکستان کی وزارت صحت کے بہت مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈیٹا شیئرنگ اور دونوں ممالک کے عوام کے تحفظ کے لیے برطانیہ، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور جب تک سب محفوظ نہ ہوں، اس وقت کوئی محفوظ نہیں۔اس ضمن میں برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ 4 اکتوبر کے بعد برطانیہ جانے والوں کو کورونا ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سے ہی عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی ریڈ لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنا اچھی خبر ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی مایوس کن خبر کے بعد یہ دن کی اچھی خبر ہے۔