اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈن نے کرکٹ ٹیم کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم تھی۔انہوں نے کہا کہ’ میں نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیم کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا‘
۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آر ڈن نے وزیر اعظم عمران خان سے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں،اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے،تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔