لاہور( این این آئی )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے خدمت کو ووٹ دیا جس کی بدولت مسلم لیگ (ن)کنٹونمنٹ کے انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری،کارکنوں نے پارٹی کی خدمت کا پیغام گلی گلی پہنچایا۔اپنے ویڈیوپیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے5.8کا گروتھ ریٹ
،پبلک ٹرانسپورٹ کی شکل میںاورنج ٹرین اور میٹرو بس کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ جیسی خدمات عوام کو فراہم کیں،نا اہل حکمران بتائیں کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدے کہاں گئے؟ قیامت خیز مہنگائی نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پھر خدمت کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) اسی جذبے سے2023 کا انتخاب لڑے گی،پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جنہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ان کا بھی تہہ دل سے مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، عوام کی خدمت کے سفر کو پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ملک خدادا کو ترقی اور خوشحالی کی منازل پر پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر انشا اللہ پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اس والہانہ عوامی پذیرائی کی وجہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں ہیں جنہوں نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے،کمر توڑ مہنگائی ظلم اور اپنے ہی جھوٹے وعدے لے کر یہ حکومت کس منہ سے اگلے انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگنے جائے گی۔