ٹیکساس(این این آئی)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی اہلام محمد علی نے یہ ثابت کردیا کہ کسی قسم کا لباس آپ کے شوق میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتا۔
میڈپارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ان دنوں اہلام کی ویڈیوز موضوعِ بحث ہیں جو عبایا اور نقاب پہن کر بھاری بھرکم مشینوں پر ورزش کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ویڈیو میں خاتون کو اسکواٹس، باکسنگ اور پش اپس سمیت دیگر ورزشیں کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اہلام نے کہا کہ مجھے نقاب کسی کام کیلئے محدود نہیں کرتا، میں دنیا کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ آپ اپنی پسند کا لباس پہن کر بھی وہ کام کرسکتے ہیں جو آپ کی خوشی کا باعث ہو۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ورک آئوٹ کرنے کا مقصد خواتین کو یہ پیغام دینا ہے کہ آپ حجاب اور نقاب پہن کر بھی اللہ کو خوش کرتے ہوئے اپنی من پسند زندگی گزار سکتی ہیں۔اہلام کا کہنا تھا کہ میرے لیے فٹنس بہت اہم ہے، لہذا میرا حجاب، نقاب یا ڈھیلے کپڑے مجھے روک نہیں سکتے، یہ میرے لیے کسی طرح بھی شرم کا باعث نہیں ہیں۔