اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیسرے پارلیمانی سال کے اختتام اور چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز پر اراکین پارلیمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالہ حکومتی کارکردگی کے طفیل ملک نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے
۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا ہے کہ دنیا عمران خان کے سیاسی تدبر پر ان کی شاگردی اورمریدی اختیار کرے۔پاکستان کورونا وبا کے باوجود دنیا کے مقابلے میں معاشی طور پر بہتر کارکردگی کا حامل رہا، شرح نمو 3.94 فیصد رہی، برآمدات 25 ارب 30 کروڑ ڈالر جبکہ ترسیلات زر 19 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر ہیں۔پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ یہ ایشیا کی بہترین اور دنیا کی چوتھی بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سال قبل عالمی بنک نے پاکستان میں کاروبار میں آسانیوں کے حوالے سے 28 درجے بہتری کا عندیہ دیا جبکہ بیرونی سرمایہ کاروں کے پاکستان میں کاروبار کے حوالے سے 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے 2020-21ء میں 4 ہزار 732 ارب روپے کے محصولات جمع کئے جبکہ رواں سال کے دو ماہ میں ہدف سے 160 ارب روپے زائد حاصل کئے ہیں۔ تمام اعداد و شمار سرمایہ کاروں اور عوام کی جانب سے حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔حکومتی اقدامات کے باعث آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اب تک 17 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جاچکی ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے لئے اپنی چھت کی فراہمی کے لئے ہائوسنگ کا خصوصی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ حکومتی کارکردگی اور کامیابی کو شورشرابے سے نہیں روکا جاسکتا