لاہور، ملتان( این این آئی، آن لائن )کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں وارڈ نمبر 5 غازی روڈ میں پی ٹی آئی اور لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہو گیا ، کارکنوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔بتایا گیا ہے کہ وارڈ نمبر 5 غازی روڈ میں پی ٹی آئی اور لیگی کارکنوں میں ووٹرز کو لے جانے پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی ۔
کارکنان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے اور ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کر دی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو پیچھے ہٹایا ۔اس موقع پر کارکنان ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف مخالفانہ نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے پولنگ اسٹیشن کے باہر پی ٹی آئی کارکنان آپس میں جھگڑ پڑے۔ جھگڑا وارڈ نمبر 6 میں ڈی سی کالونی پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوا۔ پی ٹی آئی کارکناں ایک دوسرے کو مارتے پیٹتے رہے۔ معمولی تکرار کے بعد دو کارکنوں میں جھگڑا ہوا تو حمایتی بھی جھگڑے میں شامل ہو گئے۔ موقع پر موجود پی ٹی آئی رہنمائوں نے جھگڑنے والے کارکنوں میں بیچ بچا ئوکرایا۔ دوسری جانب ملتان میں وارڈ نمبر 4 میں ہونے والی پولنگ کے دوران 2 بار جھگڑے کے باعث پولنگ عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ملتان کے کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 4 کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کی لائن توڑنے کے باعث جھگڑا ہوا۔پولیس کے مطابق رش کے باعث ایک ووٹر لائن توڑ
کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا، ووٹرز کے جھگڑے سے پولنگ کا عمل متاثر نہیں ہوا۔اس کے بعد وارڈ نمبر 4 کے اسی پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ جھگڑا ہوا جس کی وجہ سے عارضی طور پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔پولیس نے ہاتھا پائی کرنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن کی حدود سے نکال دیا، جس کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا۔