کابل(این این آئی)افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد اقوام متحدہ نے انسانی ہمدری کی بنیادوں پر اپنی امدادی پروازیں ایک مرتبہ پھر بحال کردی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی ادارے کے ترجمان نے بتایاکہ اس طرح ایک سو ساٹھ سے زائد امدادی تنظیمیں بعض افغان صوبوں میں اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی۔ مسافر بردار طیاروں کی سروس کے ذریعے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے شمالی افغانستان میں مزارِ شریف اور جنوبی افغانستان میں قندھار کی جانب پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ فضائی کارگو سروس کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک طبی امداد کی ترسیل کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔