اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فرائض کی انجام دہی انتہائی مقدس ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان پولیس اہلکار ریلوے اسٹیشن پر اپنے فرائض کی انجام دہی میں
مصروف تھا جب ایک مسافر پلیٹ فارم سے پھسل کر گرا تو نوجوان پولیس اہلکار نے تیزی سے دوڑ کر مذکورہ شخص کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچا لیا۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی انتہائی مقدس ہے۔ انہوں نے عوام کی خدمت میں مصروف نوجوان پولیس اہلکار کے جذبہ کی تعریف کی۔وزیراعظم عمران خان نے ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے والے کانسٹیبل جمیل احمد کلہوڑو کو ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کانسٹیبل جمیل کلہوڑو کو 23 مارچ کو ایوارڈ دیا جائیگا۔وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں قرآن مجید کی سورہ المائدہ کی آیت بھی شیئر کی۔سورہ مائدہ کی شیئر کردہ آیت میں کہا گیا کہ جس نے ایک شخص کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔یاد رہے کہ کانسٹیبل جمیل کلہوڑو نے ٹرین سے گرنیوالے شخص کی جان بچائی تھی۔عمران خان نے کانسٹیبل کی پْھرتی کی داد دیتے ہوئے ویڈیو بھی شیئر کی تھی، عمران خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کے ہاں دکھائی دینے والا عزم قابلِ تحسین ہے۔