راولپنڈی(این این آئی)کلر سیداں میں نوبیاہتا بیوی کو قتل کرنے کے بعد شوہر نے بھی خود کشی کرلی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ کلر سیداں کے علاقے پھلینہ میں گھر سے میاں بیوی کی نعشیں برآمد ہوئیں، دونوں کی شناخت 26 سالہ احمد حسن اور 23 سالہ سحرش کے نام سے ہوئی ہے، احمد حسن رکشہ چلا کر محنت مزدوری کرتا تھا اور اس کی سحرش سے ایک ماہ پہلے شادی ہوئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی کمرے میں مردہ پائے گئے اور قریب سے چھری بھی ملی ہے، ابتدائی شواہد کے مطابق بظاہر اہلیہ کی موت گلا گھونٹ کر دم گھٹنے سے ہوئی ہے جبکہ خاوند کے جسم پر زخموں کے نشان پائے گئے ہیں جن سے خون بہتا رہا اور اس سے اس کی موت واقع ہوئی ہے، مبینہ طور پر احمد نے پہلے بیوی کو قتل کیا اور پھر اس نے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔ دونوں کی نعشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں ہیں اور مزید صورتحال ہوسٹ مارٹم اور تفتیش میں واضح ہوگی۔