اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردی گئیں۔ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اور والدہ عصمت آدم نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے
کے ساتھ نہیں ہیں اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ گھر میں ایسا کوئی کام ہورہا ہے۔پبلک پراسیکیوٹر نےکہا تھا کہ ملزم کی والدین کے ساتھ بات ہورہی تھی لیکن انہوں نے پولیس کو آگاہ نہیں کیا ، انہوں نے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی، جب ملازم نےکال کی تو وہاں ایکٹ ہو رہا تھا،انہوں نے پولیس کے بجائےتھراپی ورک والوں کوبھیجا،پستول بھی ملاہے جو ملزم کے والد ذاکر جعفر کے نام پر ہے۔پراسیکیوٹر نےکہا کہ کال ، سی ڈی آر ، ڈی وی آر ،سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی جاسکتی ہے، بد دیانتی کی بنیاد پر انہوں نے بچےکو بچانے کی کوشش کی، اس اسٹیج پر ضمانت کی درخواست مسترد ہونی چاہیے۔گزشتہ روز اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل نے ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو جمعرات کی صبح سنایا گیا، عدالت نے مرکزی ملزم کے والدین کی درخواستوں کو خارج کردیا۔