لاہور(این این آئی) پنجاب کے دارالحکومت میں قائم مدرسے میں بدفعلی کا نشانہ بننے والے طالب علم صابر شاہ اور ملزم مفتی عزیز کا میڈیکل کرالیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے مدرسے میں طالب علم سے بدفعلی کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔ پولیس کا کہنا ہے
کہ ملزم مفتی عزیز اور طالب علم صابرشاہ کا طبی معائنہ مکمل ہوگیا، دونوں کا میڈیکل ٹیسٹ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی سے کرایا گیا، طبی معائنے کی رپورٹ چند روز میں مکمل کرکے پولیس کو دی جائے گی۔ملزم کا ڈی این اے بھی پی ایف ایس اے ڈیٹا بینک میں محفوظ کرلیا گیا۔ ملزم عزیز الرحمان 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔ملزم کو جمعرات کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب عدالت نے مدرسے کے طالب علم کے ساتھ بدفعلی کے کیس میں مفتی عزیر الرحمان کے شریک ملزم عبداللہ کی 30جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج نعمان محمد نعیم نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت نے پچاس ہزار روپے کے مچلکے کے عیوض ملزم کی عبوری ضمانت 30 جون تک منظور کرتے ہوئے ملزم عبداللہ کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔ملزم پر مدعی مقدمے صابر شاہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔