قاہرہ(این این آئی) مصر میںتین ہزار سال پرانا شہر لوسٹ گولڈن سٹی دریافت ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماہرین نے بتایاکہ مصر سے دریافت ہونے والا یہ سب سے بڑا اور قدیم شہر ہے۔ آثار قدیمہ کے محققین کے مطابق اس شہر کی تاریخ 1391 سے 1353 قبل مسیح سے ملتی ہے
جب اس خطے میں امین ہاٹپ تہم کی حکمرانی تھی، جو مصر کے سب سے طاقتور فرعونوں میں سے ایک تھے ۔ اس دریافت کے دوران کھدائی سے زیورات، رنگین مٹی کے برتن اور قدیم مصریوں کے تعویذوں جیسی قیمتی اشیا ملی ہیں۔ ان میں ایسی مٹی کی اینٹیں بھی شامل ہیں جن پر امین ہاٹپ تہم کی مہر لگی ہوئی ہے۔یہ علاقہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے تقریبا 500 کلو میٹر دور ہے۔ بڑے شہر کا یہ مقام زمین کے نیچے محفوظ حالت میں موجود ہے۔ اس کے قریب دیواریں دیکھی جاسکتی ہیں اور ایسے کمرے موجود ہیں جن میں روزمرہ کی اشیا رکھی گئی ہیں۔یہاں ایک رہائشی علاقہ، انتظامی ضلع اورایک بیکری بھی دریافت ہوئی ہے۔ اس مقام پر ابھی مزید تحقیق اور کھدائی ہونا باقی ہے اور امکان ہے کہ یہاں ایسے مقبرے اپنی اصل حالت میں دریافت ہوں جن کے اندر خزانے ہو سکتے ہیں ۔