واشنگٹن(این این آئی )کاروباری اور تجارتی قوانین کی پاکستانی نژاد امریکی ماہر لینا خان نے سینیٹ سے نامزدگی کی منظوری کے بعد امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمشنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اس سال مارچ میں لینا خان کو فیڈرل ٹریڈ
کمیشن کی سربراہی کے لیے نامزد کرتے ہوئے کاروبار کے میدان میں اینٹی ٹرسٹ قوانین پر ان کی مہارت، تجربے اور اسکالرشپ کا حوالہ دیا تھا۔32 سالہ لینا خان امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں شامل ہونے والی سب سے کم عمر رکن اور کمیشن کے اب تک مقرر کئے گئے رہنماں میں سب سے کم عمر چئیرپرسن ہیں۔ اسی وجہ سے ان پر بعض ریپبلکن حلقوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا ہے۔لینا خان کا شمار امریکا میں کاروباری شعبے میں اینٹی ٹرسٹ قوانین اور اجارہ داری جیسے اہم پہلووں کے ماہرین میں ہوتا ہے۔ وہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کچھ کاروباری طریقہ کار کی نمایاں نقاد بھی ہیں۔اس سے قبل لینا خان کولمبیا لا سکول میں قانون کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ انہیں کاروباری شعبے میں اینٹی ٹرسٹ قوانین کے علاوہ انسداد اجارہ داری کی روایت اور انفراسٹرکچر کے شعبے کی صنعتوں سے متعلق قوانین میں تدریسی مہارت حاصل ہے۔انہیں اینٹی ٹرسٹ قوانین پر تحقیق اور آرٹیکلز تحریر کرنے پر متعداد انعامات سے نوازا گیا ہے ۔کاروباری قوانین کے متعلق ان کے مفصل مضامین امریکا کے ممتاز تعلیمی اداروں ییل، ہاورڈ اور کولمبیا یونیورسٹی کے لا جرنل، کولمبیا لا ریویو اور شکاگو لا ریویو سمیت کئی اشاعتوں میں چھپ چکے ہیں۔وہ امریکا کے ایوان نمائندگان میں اینٹی ٹرسٹ قوانین اور تجارتی اور انتظامی قوانین سے متعلق سب کمیٹی برائے انصاف کی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔