جامشورو(این این آئی) خاتون اہلکار نے شوہر کی جانب سے نازیبا وڈیو و تصاویر بنانے اور بے وفائی پر خودکشی کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق جامشورو پولیس کی خاتون اہلکار نے شوہر کی جانب سے نازیبا وڈیو اور تصاویر بنانے کے بعد بے وفائی پر خودکشی کی کوشش کی، تاہم خاتون کو بچا لیا گیاہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹری
کے ڈاکٹرز کے مطابق علاقہ شیرازی محلہ کی رہائشی خاتون اہلکار کو طبی امداد کیلئے اسپتال لایا گیا تو انکشاف ہوا کہ اس نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم فوری طبی امداد ملنے کے بعد خاتون کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب خاتون اہلکار نے بیان دیا کہ میں نے 9 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی جس پر اہل خانہ نے بھی ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا دوسرا شوہر بلیک میلر ہے، اس نے مجھ سے دھوکے سے نکاح نامہ بھی ضبط کر لیا اب مجھے بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔خاتون اہلکار نے بتایا کہ پولیس افسران بھی مجھے انصاف فراہم کرنے کے بجائے مجھ پر تہمت لگا رہے ہیں، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر بھی مجھے انصاف فراہم نہ کر سکے، آئی جی سندھ سے انصاف کی اپیل کرتی ہوں۔دوسری جانب گھوٹکی ٹرین حادثے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والا مقبول احمد شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں زیرعلاج تھا۔جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق کبیر والا سے تھا جو حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال لایا گیا۔ زخمی مقبول احمد کو سر اور جسم پرچوٹیں آئی تھیں اور وہ 12 روز تک زیرعلاج رہنے کے بعد انتقال کرگیا۔واضح رہے کہ 48 گھنٹوں میں ٹرین حادثے کا
دوسرا زخمی شخص جاں بحق ہوا ہے۔اس قبل کراچی سے تعلق رکھنے والا محمد اسلم بھی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جاں بحق ہوگیاتھا۔دونوں افراد کی موت کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ جاں بحق مقبول احمد کی میت کو ورثا کے حوالے کرکے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔