مکہ مکرمہ(این این آئی)عمومی صدارت برائے انتظامی امور حرمین شریفین کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مسجد نبویﷺ کے ڈیجیٹل کتب خانے کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد حصول علم اور معلومات کے جدید ذرائع علم کی پیاس بجھانے والوں کی رسائی میں ہوں گے،مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق
مسجد نبوی شریفﷺ کی ڈیجیٹل لائبریری جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گی جس سے فی الوقت لائبریری آنے والے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔مسجد نبوی لائبریری کی انتظامیہ کے مطابق ڈیجیٹل لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اس میں عوام کے لئے مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مسجد نبوی شریفﷺ کے زائرین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے لائبریری میں بھی جدت پیدا کی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے کہا کہ مسجد نبوی کی لائبریری کی طرح ڈیجیٹل لائبریری میں انتہائی نادر ونایاب کتابوں کے علاوہ قلمی نسخے اور تاریخی دستاویزات موجود ہیں۔ لائبریری کا تمام ذخیرہ ڈیجیٹل شکل میں عام افراد کی دسترس میں ہو گا تاکہ روایتی کتابوں کی طرح ڈیجیٹل فارمیٹ میں بھی استعمال کیا جا سکے۔دوسری جانب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں اپنے کویتی ہم منصب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق قصرِ یمامہ میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران میں دونوں برادر ملکوں کے بیچ اخوات پر مبنی تعلقات اور متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی صورتوں کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تازہ ترین
حالات بھی زیر بحث آئے۔ملاقات کے آغاز پر امیر کویت کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے ایک تحریری خط سعودی ولی عہد کے حوالے کیا گیا۔اس سے قبل کویتی ولی عہد شیخ مشعل اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔کویت میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ
سلطان بن سعد بن خالد نے کویتی ولی عہدے کے اس دورے کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر دیے گئے بیان میں انہوں نے مملکت سعودی عرب اور کویت کے درمیان تاریخی تعلقات کی امتیازی حیثیت کو سراہا جو ایک سو تیس برس سے زیادہ عرصے پر محیط ہیں۔سعودی عرب اور کویت کے درمیان تعلقات محبت، اخوات اور مشترکہ مفاہمت پر مبنی ہیں۔