کراچی(این این آئی)مہنگائی کے مارے کراچی کے عوام کے لیے فی کلو آٹا 6 روپے مہنگا ہوگیا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی کلو مل کے آٹے کی ایکس مل قیمت 53 سے بڑھ کر 59 روپے کلو ہوگئی، چکی کے آٹے کی ہول سیل قیمت 68 سے 70 روپے کلو ہوگئی، ریٹیل میں مل کا آٹا 65 جبکہ چکی کا آٹا 75 روپے کلو ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں گندم کے ریٹ یکدم 48 سے بڑھ کر 54 روپے کلو تک پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق
محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے گندم کی نقل و حمل پر بے پابندیوں کی وجہ سے کراچی میں گندم نہیں آپارہی جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کے ریٹ 48 سے بڑھ کر 54 روپے کلو ہوگئے۔ ملرز کہتے ہیں گندم کے نرخ اوپر جانے کی وجہ سے آٹے مہنگا کرنا پڑا ہے۔شہریوں نے کہا کہ وافر مقدار میں گندم ہونے کے باوجود عوام کو مہنگا آٹا ملنا محکمہ خوراک کی خراب کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔