اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان غیر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرے گا۔روزنامہ جنگ میں طارق بٹ کی خبر کے مطابق دوران انتخابات نظم و ضبط قائم رکھنے اور انتخابی عمل کی نگرانی الیکشن کمیشن کا انتظامی اختیار ہے۔ انتخابی
ایکٹ 2017ء کے تحت حاصل وسیع تر اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے مخصوص سرکاری حکام کی معطلی کا حکم جاری کیا جو ڈسکہ سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کی نشست این اے۔75 پر ضمنی انتخاب کے موقع پر وہاں تعینات تھے، غفلت اور لاپروائی کے مرتکب ہوئے۔ انتخابی ایکٹ کی دفعہ۔55 کے تحت الیکشن کمیشن کسی بھی وقت تحریری وجوہ کی روشنی میں کسی بھی انتخابی افسر کو معطل یا واپس لے سکتا ہے جو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی راہ میں مزاحم ہو۔ الیکشن کمیشن انکوائری افسر کے طور پر کسی افسر کا تقرر کر سکتا ہے جو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کرے۔ جس کے خلاف الیکشن کمیشن یا ریٹرننگ افسر نے کارروائی کا حکم دیا ہو۔ تحقیقات 30 دنوں کے اندر مکمل کر کے 7 دنوں کے اندر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کی جائے گی۔