لاہور( این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن نے ایک ارب چالیس کروڑ روپے مالیت کی ہزاروں کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی ۔اینٹی کرپشن جھنگ کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ
آپریشن میں حصہ لیا۔ اٹھارہ ہزاری کے علاقے سے 2269 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ۔واگزار کرائی گئی سرکاری زمین کی مالیت ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کے مطابق سرکاری زمین پر گجر اور نون برادری کے بااثر متعدد افراد عرصہ دراز سے قابض تھے۔ ملزمان نے سرکاری زمین پر چنے کی فصل کاشت کر رکھی تھی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن آصف شاہ نے محکمہ مال اور پولیس کی بھری نفری کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ واگزار شدہ زمین محکمہ مال کے توسط سے مقامی نمبردار کی سپرد کردی گئی۔واضح رہے کہ اس وقت پورے ملک میں سرکاری اراضی پر قابض افراد کیخلاف کارروائیاں جاری ہے ، گزشتہ ہفتے لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے گوالہ کالونی رکھ چندرائے میں کارروائی کرتے ہوئے 120ملین روپے کی 32 کنال سرکاری زمین کو واگزار کروایا۔ زمین کی کل مالیت 120 ملین بنتی ہے۔