اسلام آباد(اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک شمالی علاقوں بشمول کشمیر اور اسلام آباد میں بارش جبکہ پہاڑوں پر مزید برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور اور بالائی پنجاب کے مختلف
علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی, بھکر، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، ناروال، گجرات، منڈی بہاوالدین، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور لیہ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان ڈاکٹر خالد ملک نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی ، سیاحتی علاقوں اور مری میں جنوری کے آخری ہفتہ کے دوران تقریبا 15انچ برف باری ہوئی ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ دسمبر اور جنوری کے دوران گلگت بلتستان ، استور ، سکردو ، مالم جبہ ،نتھیا گلی ، ایوبیہ اور کالام میں بھاری برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف باری
کے دوران مری سب سے اہم سیاحتی مرکز رہا ہے، کیونکہ مری تک بہتر سہولیات اور انٹر نیٹ کی دستیابی کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد شمالی علاقہ جات کی بجائے مری کا رخ کرتی ہے۔ انہوں کہا کہ ہفتہ کہ اختتام تک نتھیا گلی ، ایوبیہ اور گلیات سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش رہا ہے۔