اسلام آباد، ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)کورونا وائرس کی وجہ سے اگر سعودی حکومت نے اجازت دی تو امسال حج زیادہ مہنگا ہو گا ۔ حج پر زیادہ لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو مدعو کیا جائے گا ۔ اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری
نے کیا ۔روزنامہ جنگ میں فخر درانی کی شائع خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ابھی تک سعودی حکومت نے رواں سال اپنے حج منصوبوں سے آگاہ نہیں کیا ، تاہم جدہ میںپاکستان کا حج ڈائریکٹوریٹ سعودی حج سیکرٹریٹ سے مسلسل رابطے میں ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قومی صحت سروسز کو حاجیوں کے لئے چینی ویکسین کی باقاعدہ فراہمی کے لئے لکھ دیا ہے ۔ متعلقہ وزارت سے کہا گیا ہے کہ وہ عازمین کے لئے ویکسین کی فراہمی کو ترجیح دیں ۔اگر سعودی حکومت اجازت دیتی ہے تو عازمین کو روانگی سے قبل ویکسین دی جائے گی ۔ تاہم یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ سعودی حکومت چینی ویکسین کی اجازت دیتی ہے یا نہیں ۔دوسری جانب سعودی عرب کے وزیرِحج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکہ مکرمہ میں آمد سے قبل کووِڈ19 کی ویکسین لگوا لیں۔انھوں نے عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچا ئوکے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کے
پروٹوکولز پرعمل درآمد جاری رہے گا۔جو لوگ عمرہ ادا کرنے کے خواہاں ہیں، انھیں حفظ ماتقدم کے طور پر کووِڈ19کی ویکسین لگوالینی چاہیے۔ڈاکٹر صالح کا کہنا تھا کہ عازمینِ عمرہ کو ہر وقت چہرے پر ماسک پہن کر رکھنا ہوگا اور عازمین کے لیے مقررکردہ عمر کی حد کی پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی حکام کے مطابق صرف 18 سے 50 سال کی عمر کے افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہے۔