اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی ) لاہور میں انڈہ 25 روپے کا ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور شہر میں فی درجن انڈے 300 روپے کے مل رہے ہیں جبکہ ایک انڈے کی قیمت 25 روپے ہوگئی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے انڈے اور مرغیوں
کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عمران صاحب نے انڈے اور مرغی سے معیشت ٹھیک کرنے کی بجائے انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب آپ کا اعتراف ِ گناہ درست ہے کہ ابھی آپ کو حکومت چلانا سیکھنا ہے لیکن آٹا چینی، بجلی گیس، دوائی اور اب انڈوں کی چوری میں آپ سے بڑا اور قابل مافیا اور چور کوئی نہیں ہے۔ آپ نے تو انڈے اور مرغی سے معیشت ٹھیک کرنی تھی، لیکن آپ نے تو انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں جس قیمت میں مرغی ملتی تھی، آج انڈے مل رہے ہیں،اس سے پہلے کہ ایک انڈے کی قیمت مرغی خانے کے برابر ہو جائے آپ استعفی دیں اور گھر جائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ روٹی، آٹا، چینی، دوائی کے بعد انڈے اور مرغی بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی اور انڈے مافیا ملک پہ مسلط ہے۔