لاہور(این این آئی) کائونٹرٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی کرکے پانچ مبینہ افغانی دہشتگردوںکو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ ،دھماکہ خیز مواداورملکی وغیر کرنسی برآمد کر لی ، گرفتار دہشتگردوں سے بھارت کے ویزے اور پاکستان کے حساس مقامات کی ویڈیوز
بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے پیشگی منصوبہ بندی کر کے لاہور پہنچنے پر شاہدرہ کے مقام پر دہشتگردوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت کالعدم تحریک طالبان کے ثمرقند،عبدالرحمان،عمران،وزیر گل اور عصمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے اسلحہ،دھماکہ خیز مواد،ہینڈ گرینیڈز،ملکی و غیر ملکی کرنسی اورحساس مقامات سمیت سول سیکرٹریٹ لاہور کی ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھارت کے ویزے بھی برآمد ہوئے جبکہ دہشتگردوں کی جلال آباد میٹنگ میں ”را” کے افسران کی شرکت کابھی انکشاف ہوا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور میں کارروائی کرانے کیلئے دہشتگردوں کی مالی معاونت ”را ”نے کی۔دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں ممکنہ دہشت گردی کے حملے کا خدشہ پہلے ہی ظاہر کیا
گیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور پولیس نے پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے مریم نواز اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر سیاسی قیادت کو ممکنہ حملے کے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے تھریٹ الرٹ میں پی ڈی ایم قیادت کو جلسہ منسوح کرنے کی درخواست کی گئی ہے
تاہم جلسہ منسوخ نہ کرنے پر پولیس نے مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کو سخت حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔تھریٹ الرٹ کے مطابق مریم نوازاور رانا ثنااللہ دوران سفر بلٹ پروف گاڑی کا استعمال کریں، گاڑی کے سن روف سے ہرگز باہر نہ نکلا جائے اور نہ ہی کوئی تقریر کی جائے۔پولیس الرٹ کے مطابق دوران جلسہ لاڈ اسپیکر کے استعمال سے گریز کیا جائے، کورونا وبا کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، سیاسی قائدین سمیت جلسہ گاہ کی سکیورٹی بھی بڑھائی جائے گی۔