لاہور(پ ر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا،بد عنوانی جرم کے ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم ہے،کرپشن کرنے والے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کراپنے منصب اورملک سے غداری کرتے ہیں،بد عنوانی کے باعث معاشرے میں بدامنی اور مایوسی پھیلتی ہے، کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کی
حکومت کامشن ہے، حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی پالیسی سے عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت میں بدعنوانی سے پاک نیا پاکستان بن رہا ہے۔ بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کوحکومت کے ساتھ مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور قومی وسائل لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کی خصوصی مہم میں 206 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے 30 برس کے دوران وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا گیا ہے اورمگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے ۔27 ماہ میں ریکوری گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں 532 فیصد زائد رہی۔گزشتہ 10 برس کے دوران محض43 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی جبکہ 27 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوریاں ہوئیں۔27 ماہ کے عرصے کے دوران سرکاری اراضی واگزار کرانے کی شرح گزشتہ 10 سال کے
مقابلے میں 6172 فیصد زائد رہی۔10 برس میں صرف 2.6 ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزارہوئی جبکہ 27 ماہ میں 181 ارب سے زائد مالیت کی اراضی واگزار کرائی گئی۔انہوںنے کہاکہ اینٹی کرپشن کو آزاد ادارہ بنایا ہے جس سے ادارے میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے۔