لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزرا اور معاونین خصوصی نے کہا ہے کہ اب آر ہو گا نہ ہی پار، صرف قانون کا وار ہو گا، مریم نواز بدعنوانی کیسز سے بچنے اور ریلیف لینے کیلئے ہر فورم پر گڑگڑا رہی ہیں، یہ لوگ تاریک مستقبل روشن بنانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا آر پار کی باتیں کرنے والوں کے مقدر میں”تخت نہیں جیل “ہے ۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگلے تین سال تک اپنے سیاسی نصیب پر صبر کرے ۔ پی ڈی ایم 2018 کے عوامی فیصلے کی نفی نہیں کرسکتی۔قومی اخبار میں شائع رپورت کے مطابق یہ اقتدار سے محروم متاثرین کا اجتماع ہے ۔ غیر منتخب لوگوں کا منتخب نمائندوں پر استعفیٰ کے لئے دباؤڈالنا جمہوریت نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم کو وزیر اعظم کے استعفے سے اپنے استعفوں تک کا سفر مبارک ہو ،استعفے لینے والے اب دینے پر آگئے ۔ مدینۃالاولیا میں پی ڈی ایم کو منہ کی کھانا پڑی ،اب داتا کی نگری میں رسوائی ان کا مقدر بنے گی۔ پی ڈی ایم ملک میں سیاسی گندگی پھیلا رہی ہے ۔ ن لیگ کے سارے سیاسی یتیم لاہور میں سرکس لگانے کیلئے اکٹھے ہیں۔ کنیزوں کے جھرمٹ میں راجکماری جتنی مرضی دھمکیاں دیں حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ملتان میں پی ڈی ایم کی کھوکھلی تحریک کی موت ہوئی اب لاہور میں ان کے بیانیہ کا جنازہ نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا شوق وہی پورا کریں گے جو پارلیمنٹ سے باہر ہیں۔ مریم بی بی کو تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک جانا بھی نصیب نہیں ہوا اور مولانا کا پہلی دفعہ سرکاری حلوے کے بغیر گزارا ممکن نہیں۔ 300سے زائد افراد کے اجتماع پر قانون حرکت میں آئے گا۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ اب آر یا پار ہو گا، ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب آر ہو گا نہ ہی پار، صرف قانون کا وار ہو گا، مریم نواز بدعنوانی کیسز سے
بچنے اور ریلیف لینے کیلئے ہر فورم پر گڑگڑا رہی ہیں، یہ لوگ تاریک مستقبل روشن بنانے کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان آئین و قانون کے تابع ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک صرف لیگی رہنما مریم نواز کا بیانیہ سامنے آیا ہے ، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا نہیں، بدعنوان
عناصر کے خلاف احتساب کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے ، ان کے خلاف بدعنوانی کیسز کی تیزی کے ساتھ پیروی ہو رہی ہے اور ثبوت بھی سامنے آ رہے ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ میں کہا پی ڈی ایم کورونا پھیلاؤ میں اضافہ کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے افراتفری پھیلنے جیسے حالات چاہتی ہے ۔بروقت حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا گیا جس پر
دنیا نے بھی عمل کیا،انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد کورونا وبا پھیلانا ہے ، یہ چاہتے ہیں کہ خدانخواستہ زیادہ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہوں۔احسن اقبال کرپشن چارجز کی جوابدہی کے بجائے گٹھ جوڑ کی بین بجارہے ہیں۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ٹویٹ میں کہا پی ڈ ی ایم میں پھوٹ پڑے گی اور سب جماعتیں اپنے اپنے ذاتی مفاد کی وجہ سے جلد افراتفری کا شکار نظر آئیں گی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس ٹویٹ کو ریکارڈ کاحصہ بنا لیں۔انہوں نے مزید کہا ’’نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، نہ استعفے نہ حکومت کا گھر جانا، ان کے مقدر میں ہوگی ہمیشہ کی طرح رسوائی‘‘۔