اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ملک میں کرونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ایک بار پھر ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سوشل میڈیا پر طلبہ نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کیلئے دلچسپ تبصروں کی بھرمار کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق آج بین الصوبائی کانفرنس کے اختتام پرتعلیمی اداروں کو 26نومبر سے بند کرنے کی خبر سامنے آئی جس کے بعد
ٹویٹر، یوٹیوب، فیس بک ، واٹس ایپ ،انسٹا گرام ، ٹک ٹاک سمیت دیگر ویب سائٹ پر دلچسپ تبصرے شروع ہو گئے ۔ اس حوالے سے مینگورہ میں جہانزیب کالج کے طلبہ خوشی سے جھوم رہے ہیں اور ساتھ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے حق میں نعرےلگانا شروع کر دیے ’’ جب تک سورج چاند رہے گا ، شفقت تیرا نام رہے گا ، ’’شفقت بھائی زندہ باد، کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے شفقت محمود کی تصاویر پر دل والے ایفکٹس لگا کر لکھا کہ وزیر تعلیم کیوٹنس کے ٹیسٹ میں پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ایک اور کالج کےاحاطے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں طلبہ نعرے لگا رہے ہیں کہ ’’ شفقت تیرے جاں نثار ، بے شمار بے شمار ‘‘۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایک ہی دل ہے کتنی بار جتیں گے ، ایسے ہی ہم پر شفقت رکھنا ، اس بار ووٹ بھی آپ کا ہے ۔ ایک اور صارف چلی ملی نے لکھا کہ یہی واحد شخص ہے جنہو ن نے 2020اچھی خبریں دی ہیں ۔ جبکہ ایک صارف میاں عمر نے لکھا کہ اگلا وزیراعظم صرف اور صرف شفقت محمود ۔ واضح رہے کہ فاقی حکومت نے کورونا وائرس خاص طور پر تعلیمی اداروں میں کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم اس دوران گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ26 نومبر سے 24 دسمبر تک
تمام تعلیمی ادارے بند ہوں گے، اس ایک ماہ کے عرصے میں گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، اساتذہ کو اسکولز بلانے کی اجازت ہوگی، آن لائن کی سہولت جہاں موجود نہیں وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی،11 جنوری سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے قبل ایک جائزہ اجلاس ہوگا۔ انہوںنے بتایاکہ جامعات کے ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبہ رہ سکیں گے،دسمبر میں ہونے والے امتحانات کو وسط جنوری تک ملتوی ہوں گے،پی ایچ ڈی طلبہ کو جامعات بلاسکیں گی۔