اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)سابق وفاقی وزیر اورمسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا دعویٰ کردیا۔ نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب بھی ہماری طرف سے عثمان بزدار کے
خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو اس کی کامیابی کیلئے فضا بنائی جائے گی اور کامیابی کی امید کے ساتھ ایسی تحریک لائی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے تاحال کو ئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد پر برہم ہوگئے اور انہوں نے صوبائی وزیر صحت سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بھرے اجلاس میں انہیں وضاحت کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ جس پر صوبائی صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اجلاس سے اٹھ کر چلی گئیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈاکٹر یاسمین راشد پر انہیں بائی پاس کر کے وزیراعظم سے ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ تاخیر پر شکایت کرنے کا رنج تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا جب فائل ہی ان کی میز پر نہیں پہنچے گی تو وہ اس فائل پر کیا کام کریں گے۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ
میں تاخیر پر صوبائی وزیر صحت نے وزیراعظم عمران خان سے شکایت کی۔ اظہار ناراضگی پر بھرے اجلاس میں صوبائی وزیر صحت نے جب اس حوالے سے وضاحت کرنے کی کوشش کی تو وزیراعلیٰ نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں بات کرنے سے روک دیا۔ جس پر وہ اجلاس سے اٹھ کر چلی گئیں۔